کراچی، پاکستان کسٹمز نے سونا اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی!
کراچی: پاکستان کسٹمز نے جناح ٹرمینل کراچی پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
پاکستان کسٹمز نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر پاکستان آنے والے مسافر سے خالص سونا برآمد کرلیا ہے۔ پاکستانی مسافر قطر ایئر کی پرواز کیوآر 604 سے کراچی پہنچا تھا، جس کی شک کی بنیاد پر جامہ تلاشی لی گئی تو مسافر سے 48 لاکھ 22 ہزار روپے کا 500 گرام خالص سونا برآمد ہوا۔
ڈپٹی کلکٹر کسٹمز جناح ٹرمینل انعام وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ مسافر سے برآمد ہونے والا سونا 22 قیراط کا حامل ہے جس کے سونے بسکٹس اس نے اپنی پتلون کی جیبوں میں چھپائے ہوئے تھے۔
حکام نے مقدمہ درج کرکے مسافر کو گرفتار کرلیا ہے اور مجاز عدالت سے ملزم کا ریمانڈ حاصل کرکے ملزم سے مزید تفتیش بھی شروع کردی ہے۔