ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستان نے جنوبی افریقا کو 33 رنز سے ہرادیا
سڈنی: ٹی20 ورلڈکپ کے اہم مقابلے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 33 رنز سے ہرادیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز اسکور کیے تھے، اہم میچ کو 14 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، جس کے بعد پروٹیز کو جیت کے لیے 142 کا ہدف ملا۔
قومی ٹیم کے اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے، کپتان بابراعظم نے 15 گیندوں پر 6 جب کہ محمد رضوان 4 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، نوجوان بیٹر محمد حارث نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 11 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 رنز اسکور کیے، دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود 2، محمد نواز 28، محمد وسیم جونیئر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد اور شاداب خان نے 82 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل سے نکالا، دونوں نے بالترتیب 51 اور 52 رنز کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اینریچ نورٹجے نے 4، لونگی نگیڈی، وین پارنیل، کاگیسو ربادا اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا، بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت جنوبی افریقی ٹیم 14 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
اوپنر کوئنٹن ڈی کوک صفر، ریلی روسو 7، ایڈن مارکرم 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان ٹیمبا بووما نے 36 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں ہینرک کلاسن 15، ٹرسٹن اسٹبس 18، وین پارنیل 3 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، شاداب خان اور نسیم شاہ نے 2، 2 وکٹیں جب کہ محمد وسیم جونیئر ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔