دوسرا ٹیسٹ، پاکستان کی آدھی ٹیم 126 رنز پر پویلین لوٹ گئی
ساوتھمپٹن: انگلستان اور پاکستان کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ جمعرات کو شروع ہوا، جس کے پہلے روز کے کھیل کے اختتام تک پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی اور اُس نے محض 126 رنز اسکور کیے تھے۔ فواد عالم کو گیارہ سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا، تاہم وہ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ بارش کی مداخلت کے باعث قبل از وقت پہلے روز کے کھیل کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اُس وقت تک محض 45.4 اوورز کا کھیل ہوسکا تھا۔
اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی تھی۔ ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ سے دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا، پچھلے میچ میں سنچری اسکور کرنے والے اوپنر شان مسعود اس بار صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کپتان اظہر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 85 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔عابد علی کیورن کے ہاتھوں برنس کو کیچ دے بیٹھے، انہوں ںے 111 گیندوں پر 60 رنز اسکور کیے۔ چوتھی وکٹ 117 رنز پر اسد شفیق کی گری جنہوں نے 5 رنز بنائے۔
24 ویں اوور میں میچ بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا اور اس دوران ہی کھانے کا وقفہ کیا گیا۔ کھانے کے وقفے سے قبل پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 62 رنز بنالیے تھے۔
ٹیم کی پانچویں وکٹ 120 کے اسکور پر گری، کرکٹر فواد عالم کو شاداب خان کی جگہ 11 برس بعد ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تاہم وہ بغیر رن بنائے ووکس کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے آخری ٹیسٹ 2009ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
واضح رہے کہ سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ اُس نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے زیر کیا تھا۔