پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی نے ذمے داریاں سنبھال لیں

اسلام آباد: پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ کی حیثیت سے ایڈمرل امجد خان نیازی نے ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔
نیول ہیڈ کوارٹر پی این ایس ظفر میں پاک بحریہ کے سربراہ کی کمان کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی، جس میں اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سونپی۔
سبکدوش ہونے والے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہم نے 3 سال میں خطے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا اور ہم پاک بحریہ کو مزید بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ 4 چینی فریگیٹ آئندہ 2 برس میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گے، پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن گیا ہے، گوادر میں بحری اڈا قائم کیا جارہا ہے، میرین ٹریننگ سینٹر کراچی سے گوادر منتقل کردیا گیا ہے۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور بیجنگ یونیورسٹی چین سے گریجویٹ ہیں، وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ بھارت کے ساتھ حالیہ تناؤ کے دوران ایڈمرل امجد خان نیازی نے ہی اس پاکستانی بحری بیڑے کی کمانڈ کی تھی جس نے پاکستانی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔