پاک افغان سیریز: بابر کو آرام کروانے پر غور، شاہین قیادت کیلیے مضبوط امیدوار
لاہور: 24 مارچ سے شارجہ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔
اس سیریز کے لیے قومی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو آرام کروانے پر غور کیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو آرام کرایا جاسکتا ہے جب کہ ٹیم کی قیادت شاہین آفریدی کے سپرد کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
قومی اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے کا بھی امکان ہے اور اس سلسلے میں اعظم خان، صائم ایوب، احسان اللہ، عماد وسیم اور فہیم اشرف کو اسکواڈ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے، قومی ٹیم 22 مارچ کی شب شارجہ روانہ ہوگی۔
دوسری جانب پاک افغان سیریز کے لیے شیڈول میں گزشتہ روز تبدیلی کی گئی تھی، سیریز کا پہلا میچ اب 24، دوسرا 26 جبکہ 27 مارچ کو آخری میچ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔