ای ووٹنگ سے اوورسیز پاکستانی ووٹ کاسٹ کر سکیں گے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعطم عمران خان نے کہا ہے کہ کوشش ہے ای ووٹنگ سے اوورسیز پاکستانی ووٹ کاسٹ کر سکیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے نادرا وارثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وراثتی سرٹیفکیٹ پر وزارت قانون کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ہمارا اصل مقصد عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے اور پیپر لیس نظام آنے سے فراڈ ختم ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو وراثتی سرٹیفکیٹ کے لیے پاکستان آنا پڑتا تھا لیکن اب وہ بیرون ملک ہی بائیو میٹرک تصدیق سے سند لے سکتے ہیں۔ اووسیز پاکستانیوں کے تعاون سے ہی ملک چلتا ہے۔
چیئرمین نادرا کو متوجہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں چیئرمین نادرا سے امیدیں ہیں وہ عوام کے لیے ہر ممکن آسانی پیدا کریں گے۔ ہمیں ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنی چاہیئیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ای مشین سے انتخابات میں شفافیت آئے گی اور ہماری کوشش ہے ای ووٹنگ سے اوورسیز پاکستانی ووٹ کاسٹ کر سکیں کیونکہ 90 لاکھ پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں۔ ووٹنگ مشینوں کے ذریعے انتخابات سے دھاندلی ختم ہو جائے گی اور حزب اختلاف بھی نتائج کو تسلیم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزارت قانون پر دباؤ زیادہ ہے اور ہماری بھی ان سے شکایات ہوتی ہیں کہ وزارت قانون میں جو فائل جاتی ہے وہ گم ہو جاتی ہے۔ ای گورننس نظام لائیں گے کیونکہ فالٹ سسٹم سے مشکلات آتی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ آن لائن نظام سے زمینوں کا ریکارڈ محفوظ رکھا جا سکتا ہے جبکہ لینڈ رجسٹری اور دیگر ریکارڈ کی فائلیں گم یا پھر جلا دی جاتی تھیں.

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔