پویلین اینڈ کلب اور شاپنگ سینٹر دو روز میں گرانے کا حکم!
کراچی: عدالت عظمیٰ نے کراچی میں الٰہ دین پارک سے متصل پویلین اینڈ کلب اور پارک کے شاپنگ سینٹر کو 2 روز میں گرانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں آج تجاوزات سے متعلق کیسز کی سماعت ہوئی، جس میں چیف جسٹس گلزار احمد نے الٰہ دین پارک سے متصل پویلین اینڈ کلب کو غیر قانونی قرار دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ غیر قانونی طور پر زمین کو کنورٹ کرکے کمرشل کردیا گیا، لہٰذا پولیس اور رینجرز کی مدد سے فوری کارروائی کی جائے۔
سپریم کورٹ نے راشد منہاس روڈ پر یو بی ایل کمپلیکس سے متصل زمین بھی خالی کرانے کا حکم دیا۔
سپريم کورٹ کراچی رجسٹری نے کشمیر روڈ سے تمام تجاوزات کو ختم کرنے کا بھی حکم دے ديا جب کہ کے ڈی اے کلب، اسکواش کورٹ، سوئمنگ پول و دیگر تعمیرات بھی گرانے کا حکم دیا۔
کشمیر روڑ پر کے ڈی اے افسر و دیگر تعمیرات سے متعلق کيس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کے ڈی اے کو حکم دیا کہ جتنی مشینیں چاہیں لے کر جائیں اور سب گرائیں۔
عدالت نے کشمیر روڈ پر تمام کھیل کے میدان بحال کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
اس سے قبل سپریم کورٹ نے متاثرین کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نالوں پر تجاوزات آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا۔ ریمارکس دیے کہ غیرقانونی لیز کی بنیاد پر آپریشن نہیں روک سکتے۔