حکومتی اقدامات اور بجٹ کے خلاف اپوزیشن کا شاہراہ دستور پر احتجاج
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھوچکی، عمران خان اعتماد کا ووٹ لے کر دکھائیں۔
اپوزیشن ارکان نے حکومتی پالیسیوں اور بجٹ کے خلاف اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر احتجاج کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہاتھوں میں حکومت مخالف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے بجٹ کو مسترد کردیا ہے۔ ہم یہاں سڑکوں پر عوام سے یکجہتی کے لیے کھڑے ہیں۔ حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ملک میں غیر معمولی حالات ہیں۔ حکومت اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھو چکی ہے۔ لوگ مہنگائی میں پس رہے ہیں لیکن وزیراعظم اسامہ بن لادن کی بات کرتے ہیں۔ ای سی سی کا ہر فیصلہ مشکوک ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے 32 سال ہوگئے، ایسی بیہودہ گفتگو ایوان میں نہیں سنی، اسپیکر قومی اسمبلی پارٹی بن چکے ہیں۔ باتیں کرنے سے بات نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو کہاں لے کر جارہی ہے۔ کمیشن اور کمیٹیاں بنیں لیکن چینی آج بھی 90 روپے کلو ہے۔ پٹرول میں 34 فیصد اضافہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ حکومت مکمل طور پر مفلوج ہے۔
خواجہ آصف کا بھی کہنا تھا کہ بجٹ منظوری کے دوران حکومت سادہ اکثریت بھی حاصل نہ کرسکی، وہ اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھوچکی ہے۔ بجٹ کے بعد مہنگائی کا سیلاب شروع ہونے والا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے حکومت سے چھٹکارا یقینی بنانا ہے۔ اس کے جانے کا وقت ٹھہر گیا ہے۔ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے بجلی اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ ہمارا احتجاج عوام پر گرائے جانے والے بم کے خلاف ہے۔ عوام میں اتنی سکت نہیں رہے گی کہ سانس بھی لے سکیں۔ صرف اپوزیشن کو احساس ہے کہ عوام کے ساتھ کیا ہورہا ہے۔