اپوزیشن کے جلسے میں سرکس ہوا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ رات اپوزیشن کے جلسے میں سرکس ہوا۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ٹائیگر فورس کنونشن سے خطاب کیا تو اس موقع پر شرکا نے ڈیزل ڈیزل کے نعرے لگائے۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کے گوجرانوالا جلسے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ رات کو اپوزیشن کے جلسے میں سرکس ہوا، وہاں بہت سے فنکار تھے لیکن آپ لوگوں کی سوئی ڈیزل پر اٹک گئی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے جلسے میں نواز شریف اور آصف زرداری کے اکٹھے ہونے کے اپنے 11 سال پرانے بیان کی ریکارڈنگ چلوائی جب کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی تصاویر اور وڈیوز بھی دکھائیں۔ عمران خان نے نواز شریف کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی ہے جس کی کئی وجوہ ہیں، جب حکومت ملی تو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تجارتی خسارہ تھا، اس کے نتیجے میں روپیہ گرتا ہے تو چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں، ذخیرہ اندوزی لعنت ہے جس کی روک تھام کے لیے ٹائیگر فورس کی ضرورت ہے لیکن ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کو کہیں بھی مداخلت نہیں کرنی، آپ نے موبائل فون سے تصویر کھینچ کر پورٹل پر اپ لوڈ کرنی ہیں، باقی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لینا انتظامیہ کا کام ہے، جن دکانوں پر قیمتوں کی فہرست آویزاں نہیں وہاں کی تصویر کھینچنی ہے، خود کہیں مداخلت نہیں کرنی ورنہ ایسے لوگ آجائیں گے جو پیسہ بنائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شوگر ملز مالکان کم ہیں اور بہت طاقتور ہیں، ان میں شریف خاندان اور زرداری خاندان شامل ہیں، انہیں اب تک کسی نے نہیں پوچھا تھا، وہ قیمت طے کرتے اس پر فروخت ہوتی، پہلی بار اس معاملے کی تفصیلی انکوائری ہوئی ہے، اب ہم جو پلان لے کر آرہے ہیں، اس کے بعد عوام کو آئندہ مہنگی چینی نہیں ملے گی۔
عمران خان نے نواز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فوجی جوان ملک کی خاطر جانیں قربان کررہے ہیں اور نواز شریف گیدڑ دم دباکر باہر بھاگا تھا وہاں جاکر آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف زبان استعمال کررہا ہے، یہ جنرل جیلانی کے گھر پر سریا بناتے ہوئے وزیر بنا اور ضیا الحق کے جوتے پالش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بنا، بدقسمتی یہ رہی کہ عدالتوں نے ہمیشہ اس کی مدد کی۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کو بچہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تقاریر پر بات نہیں کرنا چاہتا، ان میں سے ایک نانی ہوگئی لیکن میرے لیے بچی ہے، دونوں بچوں نے پیسہ کمانے کے لیے ایک گھنٹہ بھی حلال کا کام نہیں کیا، دونوں اپنے باپوں کی حرام کی کمائی پر پلے ہیں، ان پر بات کرنا فضول ہے۔ وزیراعظم نے فضل الرحمان کو 12 واں کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر کیا بات کروں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔