اپوزیشن عوام کو کورونا میں جھونک رہی ہے، شیخ رشید

اسلام آباد: شیخ رشید نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف بیانیہ دینے والوں کی سیاست تاریک ہوجائے گی۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو کورونا سے بچانا چاہتی ہے جب کہ اپوزیشن لوگوں کو کورونا میں جھونک رہی ہے، پی ڈی ایم کے پشاور اور گوجرانوالہ جلسوں سے کورونا میں اضافہ ہوا، کورونا لیڈر، چھوٹے بڑے کو نہیں دیکھتا، بلاول بھٹو کو پشاور جلسے سے کورونا ہوا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان جلسوں سے جانے والے نہیں، 5 سال پورے کریں گے، عمران خان نیب اور این ار او کے علاوہ ہر مسئلے پر بات کرنے کو تیار ہیں، کرپٹ عناصر کی وجہ سے ملکی خزانہ خالی ہوا، چور ڈاکوؤں کی وجہ سے مہنگائی تھی، 2 تین ماہ میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کے نتائج سامنے آئیں گے، آٹا اور چینی کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں اور مہنگائی میں مزید کمی ہوجائے گی۔
مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا نے لاٹھی کا جواب لاٹھی سے دینے کی بات کی ہے، ان سے کہتا ہوں لاٹھی کی بات نہیں قانون کی بالادستی کی بات ہے، مولانا سے کہوں گا کہ بندگلی میں داخل نہ ہوں، سیاست بند گلی میں داخل ہوجائے تو حادثات جنم لیتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے قومی سطح پر مذاکرات کی اچھی بات کی ہے، ان کے اور نواز شریف کے بیانیے میں واضح فرق ہے، کوئی ملک ایسا نہیں جہاں اداروں کا کردار نہیں ہوتا، اداروں کے خلاف بیانیہ دینے والوں کی سیاست تاریک ہوجائے گی، سیاسی اناڑی ڈرائیونگ کریں گے تو حادثات ہوں گے، ملک میں انتشار پھیلانے والوں کو سوچنا چاہیے کہ بین الاقوامی سیاست یہ ہے پاکستان میں انتشار پھیلایا جائے، بین الاقوامی سیاست میں تبدیلی آرہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خطے کی صورت حال پر گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، پاکستان کو سرحدوں سے کوئی خطرہ نہیں، افواج ملکی سرحدوں پر جاری صورت حال سے غافل نہیں، جس کابینہ میں شیخ رشید ہوگا اس میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، لئی ایکسپریس، ماں بچہ اسپتال۔ ایم ایل ون کے بعد سیاست سے ریٹائر ہوجاؤں گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔