کسی کے ذاتی معاملے پر بولنے کے نتائج بھگتنے پڑتے ہیں، شمعون عباسی
کراچی: اداکار شمعون عباسی نے فیروز خان اور دیگر اداکاروں کے درمیان چل رہی چپقلش پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
فیروز خان اور ساتھی فنکاروں کے درمیان جاری تنازع پر بات کرتے ہوئے شمعون عباسی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے بہت سے مداح مجھ سے فیروز کے معاملے پر سوال کررہے ہیں، میں دوسروں کے ذاتی مسائل میں نہیں پڑتا لیکن اب مجھ سے پوچھا گیا ہے تو مجھے جواب دینا چاہیے۔
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ میں فیروز کے معاملے پر فیصلہ کرنے والا کون ہوتا ہوں؟ مجھے بھی گھریلو مسائل کا سامنا کرنا پڑا، میری شادی فیروز خان کی بہن حمائمہ ملک سے ہوئی تھی، ہم نے اچھا وقت گزارا، لیکن میاں بیوی کے درمیان مشکلات بھی آتی ہیں۔
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ بعض اوقات لوگ سوشل میڈیا پر اپنے معاملات کو بڑھا چڑھاکر پیش کرتے ہیں، جب انہیں سوشل میڈیا کا سہارا ملتا ہے تو وہ اسٹار بن جاتے ہیں، اداکار عوامی شخصیت بن جاتے ہیں، مگر یاد رکھیں کہ اگر سوشل میڈیا آپ کو اسٹار بنارہا ہے تو تنازع کے بعد آپ کے کیریئر کو برباد کرنے کی طاقت بھی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ فیروز خان کو تب سے جانتے ہیں جب وہ ایک چھوٹے سے بچے تھے، شمعون کا کہنا تھا کہ فیروز بہت محبت کرنے والا اور فرماںبردار شخص ہے۔
شمعون کا کہنا تھا کہ فیروز کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ان کا ذاتی معاملہ ہے اور کسی کو اس میں نہیں پڑنا چاہیے، اب جن اداکاروں نے فیروز کے بارے میں بات کی ہے یا قانونی کارروائی کررہے ہیں، میں فیروز خان کی سائیڈ نہیں لے رہا، لیکن اگر آپ کسی کے ذاتی معاملے پر بولتے ہیں تو نتائج بھگتنے پڑتے ہیں۔
انہوں نے فنکاروں کو مشورہ دیا کہ پاکستان شوبز ایک چھوٹی سی انڈسٹری ہے اور فنکاروں کو اس میں کمائی شہرت اور اپنے وقت کو اس طرح کی لڑائیوں میں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ شمعون عباسی اور فیروز خان کی بہن اداکارہ حمائمہ ملک 2010 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، تاہم شادی کے دو سال بعد ہی یہ جوڑا علیحدہ ہوگیا تھا۔