بابر ٹیسٹ قائد، دورہ نیوزی لینڈ کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان
لاہور: بابر اعظم قومی ٹیسٹ ٹیم کے بھی قائد مقرر کردیے گئے، اظہر سے قیادت چھن گئی جب کہ دوسری جانب چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے دورۂ نیوزی کے لیے 35 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بابر اعظم قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ محمد رضوان ٹیسٹ میں نائب کپتان ہوں گے۔
مصباح الحق نے بتایا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم میں سرفراز احمد کی واپسی ہوئی ہے جب کہ شعیب ملک، محمد عامر اور اسد شفیق کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسکواڈ میں چھ اوپنرز، 11 مڈل آرڈرز، 3 وکٹ کیپرز اور 10 فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے، کھلاڑیوں میں بابر اعظم، محمد رضوان، اظہر علی، عابد علی، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، افتخار احمد شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خوشدل شاہ، محمد حفیظ، روحیل نذیر، فخر زمان، امام الحق، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، دانش عزیز، فواد عالم، عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود اور ذیشان ملک بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں عثمان قادر، یاسر شاہ، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد عباس، محمد حسنین اور محمد موسیٰ، نسیم شاہ، سہیل خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
ہیڈ کوچ قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ بابراعظم ہمارا مین بیٹسمین ہے اور وہ ذمے داری لے رہا ہے، دباؤ کے بجائے بابراعظم کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، امید ہے کہ بابراعظم کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔