کورونا کیسز بڑھنے پر نیوزی لینڈ کے انتخابات ملتوی!
ویلنگٹن: کورونا سے پاک قرار دیے گئے نیوزی لینڈ میں وبا کے کیسز ایک بار پھر بڑھنے کے بعد انتخابات مؤخر کردیے گئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ملک میں آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
نیوزی لینڈ میں 19 ستمبر کو عام انتخابات ہونا تھے، جنہیں اب کورونا کیسز میں اضافے کے بعد 19 اکتوبر تک مؤخر کردیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ انتخابات کی نئی تاریخ حالات کے مطابق منصوبہ بندی کرنے میں مدد کرے گی اور ہم اسی کے تحت مہم چلائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا انتخابات کو مؤخر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن اس فیصلے سے تمام جماعتوں کو اپنی مہم کے لیے مزید 9 ہفتوں کا وقت ملے گا اور ساتھ ہی الیکٹورل کمیشن کو بھی انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کی خاطر وقت ملے گا۔
انتخابات کے مؤخر ہونے پر نیوزی لینڈ کی اپوزیشن نیشنل پارٹی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ انتخابات مؤخر کیے جانے چاہئیں لیکن مہم چلانے پر پابندیوں کا مطلب ہے کہ وزیراعظم نے اس کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔
نیوزی لینڈ میں گزشتہ ہفتے ہی سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد شہر میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آکلینڈ میں پیر کو مزید 9 کیسز سامنے آئے جس سے شہر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 58 ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں کورونا کے نئے سامنے آنے والے کیسز حیران کن ہیں جو تین ماہ کے دوران لوکل ٹرانسمیشن کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
ملک میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے سے قبل حکومت نے نیوزی لینڈ کو کورونا سے پاک قرار دیا گیا تھا اور مارچ میں عائد کیے گئے لاک ڈاؤن کو مکمل طور ختم کردیا گیا تھا۔