نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی 20 میں بھی پاکستان کو باآسانی ہرادیا
کرائسٹ چرچ: پاکستان ٹیم شکستوں کے کالے سائے سے پیچھا نہ چھڑا سکی، سیریز کے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں چار صفر کی سبقت حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے دیا گیا 159رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 159رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے ابتدائی 3 کھلاڑی صرف 20 رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 8 رنز پر فن ایلن کی صورت گری جب کیوی اوپننگ بیٹر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے بیٹھے، اس کے بعد ٹم سیفرٹ کو شاہین شاہ آفریدی نے صفر پر کیچ آؤٹ کیا، شاہین نے صرف 4 رنز پر ول ینگ کو بھی پویلین بھیج دیا۔
3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے پاکستانی بولرز کی جم کر دھلائی لگائی اور دونوں کھلاڑیوں نے ناصرف ففٹیز مکمل کیں بلکہ اپنی ٹیم کو جیت سے بھی ہمکنار کرایا اور ناقابل شکست رہے۔
ڈیرل مچل 72 اور گلین فلپس 70 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 139 رنز کی شراکت ہوئی جب کہ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں۔
پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب اس بار بھی ناکام رہے اور دوسرے اوور میں صرف ایک رن پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 56 کے مجموعے پر 19 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، 88 رنز پر فخر زمان بھی 15 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اعظم خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان بھی دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب محمد رضوان ذمے دارانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 126 کے مجموعی اسکور پر افتخار احمد 14 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان 63 گیندوں پر 90 رنز اور محمد نواز 9 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔