ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی!

اسلام آباد: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی، پاک فضائیہ کی کمان مجاہد انور خان نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو سونپی۔
پاک فضائیہ میں کمان کی تبدیلی کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے سبکدوش ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو سلامی دی۔
تقریب میں ایئر مارشل ظہیر احمد بابر نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھال لیں، مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان ایئرمارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو سونپی۔
مجاہد انور خان نے نئے ایئر چیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو کو بیجز بھی لگائے۔
خیال رہے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو پاک فضائیہ کے 23ویں سربراہ ہیں، ان کا تعلق گجرات کے گاؤں سدھ سے ہے، انہوں نے برطانیہ کے کامبیٹ کمانڈرز اسکول، ایئروار کالج اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے تعلیم حاصل کی۔
ظہیر احمد بابر نے 1986 میں بطور فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی، وہ فائٹر اسکواڈرن، آپریشنل ایئربیس اور ریجنل ایئر کمانڈ رہ چکے ہیں۔
ظہیر احمد بابراس وقت ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف ایڈمنسٹریشن کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر اسٹاف (آپریشن ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ)، اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (ٹریننگ آفیسرز) اور ڈائریکٹر جنرل پروجیکٹس کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔
ظہیر احمد بابر وزارت دفاع میں ایڈیشنل سیکریٹری بھی رہ چکے، انہیں خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جاچکا ہے۔
یاد رہے کہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اپنے عہدے کی میعاد مکمل ہونے پر سبکدوش ہوگئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔