افواج پاکستان اور دشمنوں کا منفی پروپیگنڈا

پاکستان جس دن سے وجود میں آیا، دشمن نے بے شمار بزدلانہ وار کیے۔ انگریز سے آزادی پاکر دو مختلف ممالک پاکستان اور بھارت تو بن گئے مگر 76 سال گزر جانے کے باوجود پڑوسی دشمن ملک نے اپنی ناپاک سازشیں ختم نہ کیں۔ میں اپنے بے شمار کالمز، بلاگز اور مختلف ٹی وی پروگرامز میں ففتھ جنریشن وار کا ذکر کرچکی ہوں۔ دشمن کا ایجنڈا ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے محافظوں کو منفی پروپیگنڈے کے تحت بدنام کرنا اور سلیپنگ سیلز کے ذریعے پاکستان کے عوام اور سیاسی جماعتوں کی صفوں میں گھس کر انتشار پھیلانے کے ساتھ پاکستانی املاک کو نقصان پہنچانا تھا۔ لمحۂ فکر کہیے یا لمحہ افسوس مگر افواج پاکستان سے کئی بار جنگوں میں شکست کھایا ہوا سازشی ملک پچھلے سال اپنے ناپاک عزائم کو پورا کرنے کی طلب میں بھارتی میڈیا کے ذریعے جشن مناتا دکھائی دیا، کیونکہ دشمن جہاں، پاکستان دشمنی پر مبنی فلموں کے ذریعے اور سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ملک میں فوج کے خلاف نفرت آمیز مواد پھیلاتا ہے، وہیں 9 مئی 2023کے بدترین دہشت گردی کے واقعات میں پاکستان کی سڑکوں پر لگنے والی آگ میں دشمن نے خوب ہاتھ سینکے اور دشمن ملک کو خوشیاں منانے کا موقع ملا، مگر دشمن سال گزرنے کے باوجود آج تک آئی ایس آئی اور افواج پاکستان سے اتنا خوف زدہ ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے چلائی جانے والی مختلف نیوز میں بھارتی سرکار کی بوکھلاہٹ اور اُس کے اندر آئی ایس آئی کا خوف صاف دکھائی دیا۔ خوشی ہے تو اس بات کی کہ دشمن آج بھی افواج پاکستان کی بہادری کا یقین رکھتے ہوئے خوف زدہ ہے مگر افسوس ہے تو یہ کہ دشمن کی منفی پروپیگنڈے کی آگ میں آج قوم کے کچھ افراد خود گمراہ ہوکر دشمن کو اپنے کندھے دے کر اپنے ہی ملک اور افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹیں کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔


9 مئی 2023 کا سانحہ قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ سال گزر گیا، لیکن تلخ یادیں آج بھی تازہ ہیں۔ کیا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اس دن کے لیے آزادی پاکستان کی تحریک چلاکر ایک آزاد ریاست کا حصول ممکن بنایا تھا کہ اس ملک میں بسنے والے جناح ہاؤس کو زنا ہاؤس جیسے ناپاک لفظوں سے آراستہ کیا جائے؟ افواج پاکستان پر پتھراؤ کرنا؟، کور کمانڈر کے گھر سمیت عسکری مقامات پر حملہ اور لوٹ مار کرنا؟، 1965 کی جنگ کی یادگاروں اور یادگار شہداء کی بے حرمتی کرنا، کیا کسی پاکستانی کو زیب دیتا ہے؟ ہم نے ساری زندگی یہی سیکھا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں اور جو قومیں اپنے شہیدوں کو بھول جاتی ہیں، وہ برباد ہوجاتی ہیں مگر اس درد کا نوحہ کیا سنایا جائے، جہاں شہیدوں کی توہین کی گئی ہو۔ پڑوسی ملک کو خوشی دینے والے شرپسند عناصر کو کاش پتا ہوتا کہ 9 مئی 2023 کی دہشت گردی کے بعد سے ملک کی ساکھ کو کتنا نقصان پہنچا، ملک کو اربوں کا نقصان ہوا، ملک میں وسیع پیمانے پر تباہی مچی، کتنی ہی گاڑیاں نذرآتش کی گئیں۔

ملک کو بدنامی سے بچانے کے لیے انٹرنیٹ کی بندش کا اقدام کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں لاکھوں گھروں کے چولہے بجھ گئے تھے، روز دیہاڑی پر انٹرنیٹ کی سہولت کے ذریعے گھر گھر کھانا فراہم کرنے والے لڑکے اور مختلف کمپنی کی کرائے کی کاریں اور بائیکس چلانے والے لڑکے اپنے گھروں پر معصوم بچوں کو بھوک سے بلکتے اور ماتم کرتے دیکھتے رہے تھے جب کہ نفرت اور گھمنڈ میں ڈوبے سیاسی گِدھوں کو کسی کی کوئی پروا نہ تھی، صرف اور صرف اقتدار کی بھوک ان میں انتہائوں پر پہنچی دکھائی دیتی تھی۔


یاد رکھیے، اس ملک پر جب بھی کسی دشمن نے حملہ کیا ہے یا کوئی ناگہانی آفت آئی ہے تو افواج پاکستان ہی ہیں، جنہوں نے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے ملک اور قوم کی حفاظت کی ہے اور ہر قدم پر مشکلات سے بچایا ہے۔ چراغ گھر میں روشنی کرتے ہیں گھر نہیں جلاتے۔ ہر پُرامن پاکستانی تشدد کی سیاست کے خلاف ہے اور اخلاقیات بھی ہمیں یہی درس دیتی ہے کہ اختلاف رائے رکھیں اور دل بڑا کرکے قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مقابلہ کریں مگر پاکستان اور افواج پاکستان کو نقصان پہنچانا کسی طور کوئی غیرت مند پاکستانی برداشت نہیں کرسکتا، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔


میری حکام بالا سے درخواست ہے کہ 9 مئی 2023 کو پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مکمل انکوائری کی جائے اور ان میں ملوث مجرموں کو انجام تک پہنچایا جائے۔ آج ترجمان پاک فوج میجر جنرل ارشد شریف نے 9 مئی کے ذمے داروں کو سزا دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ افواج پاکستان کے جوان رات دن، سردی گرمی میں سرحدوں پر حفاظت کے لیے موجود ہیں، اسی لیے قوم سکون کی نیند سوتی ہے، سب کی زندگیاں اور عزتیں محفوظ ہیں۔ مجھ سمیت ہر سچا پاکستانی اپنے وطن اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور لہو کے آخری قطرے تک حق اور سچ کا ساتھ دے گا۔ دشمن لاکھ کوشش کرلے مگر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا، کیونکہ اس کے رکھوالے غازی اور شہید ہیں اور ہماری ریڈلائن ہمارا پیارا پاکستان ہے۔


پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان پائندہ باد۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔