کورونا وبا سنگین: پابندیاں مزید سخت، وسیع پیمانے پر لاک ڈاؤن کا فیصلہ
اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا کی شدت میں اضافے کے باعث سخت ایس او پیز کے ساتھ وسیع لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور رمضان المبارک میں مذہبی و ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ ان فیصلوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سخت ایس او پیز کے ساتھ وسیع لاک ڈاؤن لگایا جائے، لاک ڈاؤن کے دوران ایمرجنسی کے علاوہ غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔ وفاق کی اکائیاں اضلاع اورشہروں میں بیماری کا پھیلاؤ دیکھ کر اقدامات لے سکتی ہیں، وفاق کی اکائیاں چاہیں تو ایس او پیز کے حوالے سے مزید سخت اقدامات بھی کرسکتی ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران کورونا کے تدارک کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا، کمیونٹی اور میڈیا کے ذریعے ماسک پہننے کی مہم چلائی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر قسم کی سماجی اور ثقافتی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی، ہر طرح کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، سنیما، مزارات اور پبلک پارکس مکمل طور پر بند رہیں گے۔
این سی او سی نے فیصلہ کیا کہ ملک بھر میں ہر قسم کے بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مال صبح سحری سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ ہفتہ اور اتوار کاروبار بند رہے گا۔
این سی او سی کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ ملک بھر میں نماز تراویح کھلے مقامات پر ادا کی جائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں تمام نجی و سرکاری بینکوں کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 10 سے 4 بجے تک ہوں گے جب کہ جمعہ کو بینک صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ تمام نجی اور سرکاری دفاترمیں 50 فیصد ورک فرام ہوم پالیسی ہوگی۔
ملک بھر میں اندرون شہر ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی، ریلوے کو 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلایا جائے گا، رمضان میں رش سے بچنے کے لیے اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی، بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ ہر ہفتے اور اتوار کو بند رہے گی۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر 25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب تک پابندی رہے گی۔
ایس او پیز پر این سی او سی کا جائزہ اجلاس 10 رمضان جب کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس 20 اپریل کو ہوگا۔