پہلی تا آٹھویں کلاسز 28 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد: مرکزی حکومت نے ملک کے کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں تک کلاسز 28 اپریل اور 9 ویں سے 12 ویں تک کلاسز 18 اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کورونا وبا کی تیسری لہر کے باعث تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم اور صحت شریک ہوئے۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور ساتھ ہی امتحانات کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے 8 ویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک بند رہیں گی، 28 اپریل کو دوبارہ اجلاس ہوگا، جس میں اسکول کھولنے یا عید تک بند رکھنے سے متعلق جائزہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نویں سے بارہویں تک کلاسز 19 اپریل سے کھل جائیں گی اور طلبا سخت ایس او پیز کے ساتھ اسکول آئیں گے اور امتحانات کی تیاری کریں گے، متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیوں بھی بند رہیں گی اور آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی، لیکن جو اضلاع متاثر نہیں وہاں جامعات کھلی رہیں گی۔
شفقت محمود نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت کے 40 لاکھ طلبہ ہیں، جن کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مختلف صوبوں نے اپنے اپنے ٹائم ٹیبل بنائے ہیں، کچھ امتحانات جون اور کچھ جولائی میں بھی ہوں گے، اس لیے یونیورسٹیز سے داخلہ ٹیسٹ کی تاریخیں بڑھانے کا کہا ہے، اے اور او لیول کے 85 ہزار طلبہ ہیں جن کے امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ اپنے وقت پر مئی میں ہوں گے جس کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔