نواز شریف کی اراضی کی نیلامی کا عمل مکمل

شیخوپورہ: نواز شریف کی شیخوپورہ کے قصبے فیروز وٹواں میں اراضی کی نیلامی کا عمل مکمل کرلیا گیا۔
چوہدری محمد بوٹا نامی شخص نے ایک کروڑ ایک لاکھ روپے فی ایکڑ کے حساب سے سب سے زیادہ بولی دی، بولی کے موقع پر اراضی کے 6 دعوےدار بھی سامنے آگئے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی اراضی کی نیلامی کا عمل شیخوپورہ میونسپل دفتر میں صبح 10 بجے شروع ہوا جو ساڑھے 3 بجے سہ پہر تک جاری رہا۔
اراضی کی خریداری کے لیے 3 امیدوار سامنے آئے، سب سے زیادہ بولی ایک کروڑ ایک لاکھ روپے فی ایکڑ کے حساب سے محمد بوٹا نامی شخص نے لگائی۔
اس بولی کے مطابق زمین کی قیمت گیارہ کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، نیلامی میں حصہ لینے والوں کو 10 لاکھ زر ضمانت جمع کروانے کی ہدایت کی گئی۔
نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کا حکم 22 اپریل کو احتساب عدالت اسلام آباد نے دیا تھا، نیلامی کی فی ایکڑ ابتدائی قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
انچارج بولی اجمل فاروق کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے نام 88 کنال 4 مرلے جائیداد کی نیلامی کا عمل مکمل کرلیا گیا، بولی کی قیمت کے بارے میں عدالت کو آگاہ کردیا جائے گا۔
نواز شریف کی اراضی کی نیلامی کے موقع پر اسی اراضی کے 6 دعوے دار بھی سامنے آگئے جنہیں عدالت سے رجوع کرنے کا کہا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔