نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن کروانے والا کون ہے؟
لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو لندن بیٹھے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لاہور میں لگانے کے معاملے پر جعلی انٹری کروانے والا شہری جرمنی میں رہائش پذیر ہے۔ جرمنی میں مقیم نوید نے کوٹ سعید ہسپتال کے وارڈ بوائے کے ذریعے جعلی ویکسین کا اندراج کروایا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی ویکسین کی تفتیش کے معاملے پر جعلی ویکسین کا اندراج کروانے والے کا سراغ لگالیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں گرفتار ملزمان نے سب کچھ اگل دیا۔ جرمنی میں بیٹھے نوید نامی شخص نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال رابطہ کیا، ہسپتال کے وارڈ بوائے عادل رفیق سے جعلی ویکسین کی جعلی انٹری کروائی۔
تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ہسپتال انتظامیہ نے چوکیدار ابوالحسن کو ڈیٹا انٹری آپریٹر بنا رکھا تھا،عادل رفیق نے چوکیدار ابوالحسن سے نواز شریف کی جعلی انٹری کروائی، دونوں ملازمین جعلی اندراج کے 1500 سے 2500 روپے لیتے تھے، چوکیدار ابوالحسن کو سینئر سینٹری انسپکٹر نے ڈیٹا انٹری آپریٹر بنا رکھا تھا۔
تفتیش میں انکشاف ہوا کہ سینئر سینٹری انسپکٹر خالد شاہ نے ایم ایس کو اس بابت نہیں بتایا، خالد شاہ نے ڈیٹا انٹری آپریٹر بنانے کے ایم ایس سے دستخط کروالیے۔
سابق ایم ایس نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈیوٹی روسٹر روزانہ آتا ہے، اس پر عہدہ نہیں لکھا ہوتا، سینئر سینٹری انسپکٹر نے بغیر بتائے روٹین دستخط کروالیے، جرمنی میں مقیم نوید بھگت پورہ لاہور کا رہائشی ہے۔ اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے تمام عہدیداروں کے بیانات قلم بند کرلیے، سابق ایم ایس، موجودہ ایم ایس، اے ایم ایس، بی ایم سے کے بیان ریکارڈ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن نے عادل سے 12600 اور ابوالحسن سے 7200 ریکور کیے، دونوں کے موبائل فونز فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھجوادیے گئے۔