نواز شریف بھارت کی زبان بول رہے ہیں، وزیراعظم

حافظ آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے اس حد تک پہنچ گئے کہ بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔
حافظ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ عوام کی ضروریات کو پورا کیا جائے، رواں سال کے اختتام تک پنجاب کے 50 فیصد عوام کی ہیلتھ انشورنس ہوجائے گی، جس سے ہر خاندان کا 10 لاکھ روپے کسی بھی سرکاری یا پرائیویٹ اسپتال میں مفت علاج ہوسکے گا، 2021 میں پنجاب کی تمام آبادی کو صحت کارڈ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے غریبوں کے لیے پناہ گاہوں کا منصوبہ شروع کیا، روٹی، کپڑا اور مکان کی بات تو پہلے بھی کی گئی لیکن اب حقیقی معنوں میں غریب اپنا گھر بناسکیں گے، نیا پاکستان ہاوَسنگ منصوبے کے تحت غریب لوگ بھی اپنا گھر بناسکیں گے، گھر بنانے کے لیے 5 فیصد سود پر عوام بینکوں سے قرضے لے سکیں گے، ملک سے غربت کم کرنے کے لیے پالیسیاں بنارہے ہیں، پختونخوا میں کوئی بھی جماعت دوبارہ برسراقتدار نہیں آئی، لیکن 2018 میں پی ٹی آئی کو دوبارہ موقع ملا، خیبر پختون خوا میں 9 فیصد غربت کم ہوئی، اس لیے لوگوں نے پی ٹی آئی کو دوبارہ ووٹ دیا۔
وزیراعظم عمران خان کا اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم قانون کی بالادستی کے لیے ہم کام کررہے ہیں، ان کے دور میں نیب غلام تھا جب کہ ہمارے دور میں نیب آزاد ادارہ ہے، ہم نے ان کے خلاف نئے کیسز نہیں بنائے، یہ انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے تھے، جب ان کا سرکس لگتا ہے تو اس میں سب قسم کے لوگ ہوتے ہیں، ان لوگوں نے پوری کوشش کی کہ مہنگائی ہوگئی ہے اسے نکال دو، یہ کہتے ہیں کہ ان سے چوری کا نہ پوچھا جائے، جب میں نہیں مانا تو انہوں نے اداروں پر حملے شروع کیے، یہ جتنے مرضی جلسے کریں جب تک لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں کریں گے انہیں نہیں چھوڑوں گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے ایسی عجیب شکل بنائی کہ کابینہ میں بھی 2 خواتین کی آنکھوں میں آنسو آگئے، لیکن لندن جاتے ہی ان کی ساری بیماریاں ختم ہوگئیں، نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے اس حد تک پہنچ گئے کہ بھارت کی زبان بول رہے ہیں، انہوں نے آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف پر حملے شروع کردیے، وہ آدمی لندن میں بیٹھ کر ہماری فوج کے خلاف سازش کررہا ہے، میں پہلا کپتان تھا جس نے بھارت جاکر ان کی ٹیم کو ہرایا، میں نواز شریف جیسے میر جعفر، میر صادق اور میر ایاز صادق کا مقابلہ کروں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے، میری وجہ سے نہیں، ان جیسے لوگوں کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے۔ چیلنج کرتا ہوں میرے علاوہ کس نے ناموس رسالتﷺ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا؟ اور میں نے یہ سب ووٹ کے لیے نہیں کیا بلکہ یہ میرے ایمان کا معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں صرف1970 میں شفاف انتخابات ہوئے، اس کے علاوہ ہر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگے، 2018 کے انتخابات پر ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہم حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں، (ن) لیگ نے دھاندلی پر صرف 11 درخواستیں دائر کیں، میں کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار نیوٹرل امپائر لایا، جب بھارت کی ٹیم پاکستان آئی تو ہم نے نیوٹرل امپائر کے ساتھ میچ کھیلا، ہم ایسا الیکشن کروائیں گے کہ جو ہارے گا وہ بھی مانے گا کہ الیکشن شفاف ہوئے، الیکٹرونک ووٹنگ پر بھی کام کررہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔