نواز لندن میں بیٹھ کر اپنی چوری بچانے کی تحریک چلارہے ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر اپنی چوری بچانے کی تحریک چلارہے ہیں۔
اسلام آباد میں آل پاکستان انصاف لائرز فورم کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست کی بنیاد قانون کی بالادستی تھی اور ریاست مدینہ میں کوئی بھی قانون سے اوپر نہیں تھا، لہٰذا قانون کی بالادستی کے بغیر خوش حالی ممکن نہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے بڑا اہم وقت ہے، سارے بے روزگار سیاست دان اکٹھے ہوگئے ہیں، پوچھا جائے کہ یہ سارے کیوں اکٹھے ہوئے ہیں، یہ سب اس لیے اکٹھے ہوئے ہیں، کیوں کہ یہ قانون کی بالادستی نہیں مانتے، یہ کہتے ہیں کہ ہم چوری کریں، ڈاکہ ڈالیں تو کوئی ہمیں ہاتھ نہ لگائے، عدالت 2 سال کے بعد فیصلہ کرتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، یہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانتے، یہ فیصلے اس لیے نہیں مانتے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ قانون سے اوپر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی دیکھے کہ 30 سال پہلے ان کے پاس کیا تھا اور اب کیا ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ باہر نکل کر عمران خان کو بلیک میل کرلیں گے تو ایسا نہیں ہوسکتا، یہ لوگ کسی اور مقصد کے لیے نکلے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف خود لندن میں بیٹھے ہیں اور کارکنوں سے کہتے ہیں کہ سڑکوں پر نکلو، یہ کارکنوں کو قیمے کے نان بھی کھلادیں تو کارکن نہیں نکلیں گے، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر اپنی چوری بچانے کی تحریک چلارہے ہیں۔