کراچی میں آسمان پر ناسا کا خلائی اسٹیشن دیکھا جاسکتا ہے!
کراچی: امریکی خلائی ادارے ناسا کا انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن 21 اکتوبر تک کراچی کے آسمان پر دیکھا جاسکتا ہے۔
ماہر فلکیات ڈاکٹر محمد شاہد قریشی کے مطابق انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن بہت روشن ہوتا ہے اور 30 روشن ترین ستاروں سے زیادہ چمک دار نظر آتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کبھی کبھار انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کی چمک تمام سیاروں سے بھی زیادہ دکھائی دیتی ہے۔
ڈاکٹر محمد شاہد قریشی نے کہا کہ ان دنوں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کراچی کے آسمان پر مخصوص اوقات میں برہنہ آنکھ سے باآسانی دیکھا جاسکتا ہے۔
انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن زمین کے مدار میں ایک بڑا اسپیس کرافٹ ہے، یہ اسٹرونوٹس اور کوسموناٹس کی رہائش کے لیے استعمال کی جاتی ہے جب کہ اسپیس اسٹیشن میں ایک منفرد سائنس لیبارٹری بھی ہے۔
دھیان رہے کہ مختلف ممالک کی جانب سے مل کر اس اسپیس اسٹیشن کو بنایا گیا ہے اور یہ اس کا مشترکہ استعمال کرتے ہیں۔