ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوں گے، نجم سیٹھی
لاہور: پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا دوٹوک مؤقف ہے کہ ہم ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے جو فیصلہ ہوگا، اس کے اثرات ورلڈکپ پر بھی پڑیں گے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر ایشیا کپ کے میچ بھارت تیسرے ملک میں کھیلا تو ہائبرڈ ماڈل ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے بھی ہوگا، بھارت سے کہہ دیا ہے کہ ہماری حکومت اور عوام ہمارے اس مؤقف کی تائید کرتے ہیں، آپ نہیں آتے، تو ہم وہاں کیسے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری طرف سے ریڈ لائن ہے، بھارت ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا تیسرے ملک میں کھیلے، پاکستان کو ایشیا کپ کے بائیکاٹ پر ایک ارب کا نقصان ہوگا جب کہ ورلڈکپ میں بھارت جانے سے انکار پر آئی سی سی سے تعلقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لیکن بھارت کو دوٹوک کہا ہے حکومت اگر پاکستان جاکر کھیلنے سے منع کررہی ہے تو تحریری ثبوت دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ حکومتی انکار پر کوئی ٹھوس شواہد دینے میں ناکام رہا ہے، پاکستان سپر لیگ سے اب اتنے پیسے کمالیتے ہیں کہ آئی سی سی نقصان کا ازالہ کرسکتے ہیں۔