بھارت میں دو روز کے دوران 8 ہاتھیوں کی پُراسرار موت
نئی دہلی: 48 گھنٹوں کے دوران بھارت میں 8 ہاتھی پُراسرار موت نے حکام کو تشویش میں مبتلا کرڈالا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وائلڈ لائف حکام نے بتایا کہ ریاست مدھیہ پردیش کے بندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو میں 13 ہاتھیوں پر مشتمل ایک جھنڈ کی حالت غیر ہونے کی اطلاع ملی۔
حکام کے مطابق منگل تک 7 ہاتھی مرگئے تھے جب کہ بدھ کو آٹھواں بیمار ہاتھی بھی مردہ پایا گیا۔
حکام نے بتایا کہ مرنے والی 7 ہتھنیاں تھیں، جن کی عمر 3 سال تھی جب کہ آٹھواں ہاتھی 4 سے 5 سالہ نر تھا۔
بھارتی وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ جھنڈ کا دسواں ہاتھی طبی امداد ملنے کے بعد بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے جب کہ دیگر 3 ہاتھیوں کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
محکمہ جنگلات کے حکام پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 10 دنوں میں تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی، تاہم ابتدائی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ہاتھیوں کی موت زہر کی وجہ سے ہوئی ہے۔
حکام اس حوالے سے بھی تحقیق کررہے ہیں کہ جانوروں نے کوڈو باجرے کے بیج کھائے ہیں، یہ خطرناک ہوسکتے ہیں اور اگر یہ کسی فنگس سے آلودہ ہوں تو سائیکلو پیازونک ایسڈ نامی زہریلا مادہ پیدا کرتا ہے۔
حکام کی جانب سے تحقیقات کے لیے ہاتھیوں کی جائے اموات سے 100 کلومیٹر تک پھیلے رقبے کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے، جس میں کھیت اور گھر بھی شامل ہیں۔