مزار قائد نعرے بازی: مستنصر حسین تارڑ کی شدید مذمت اور رنج و غم کا اظہار
کراچی: پاکستان کے ممتاز ادیب، مستنصر حسین تارڑ نے مزار قائد پر سیاسی نعرے بازی پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کئی یادگار سفر ناموں اور ناولز کے خالق، مستنصر حسین تارڑ نے کہا کہ میں غم کے باعث رات کو سو نہیں سکا، میں نے اپنی آنکھوں سے اسلامیہ کالج لاہور میں قائد اعظم کو دیکھا تھا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے تھے، اب ان ہی آنکھوں سے دیکھا کہ قائد اعظم کے مزار کے گرد ایک ہجوم ہے اور پاگلوں کی مانند سیاسی نعرے لگا رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم کی قبر کو روندا جارہا ہے، اس قوم کے باپ کی بے عزتی کی جارہی ہے، میں خود کو مجرم سمجھتا ہوں کہ میں اس قوم کا حصہ ہوں، جس نے اپنے باپ کی تذلیل کی ہے، مجھے سنگسار کر دیجیے، دار پر چڑھا دیجیے۔ کیا باپ کی تذلیل کرنے کی معافی ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ کی قیادت، بالخصوص کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد پر حاضری کے موقع پر سیاسی نعرے بازی کی۔ کیپٹن (ر) صفدر کو مزار قائد کا تقدس پامال کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔