مشکل وقت جلد ختم ہوتے دیکھ رہا ہوں، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت احتساب اور اصلاحات کے پروگرام پر سختی سے عمل درآمد کرے گی۔
وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی، جس میں آئینی، سیاسی اور قانونی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ بابر اعوان نے پی ٹی آئی حکومت کے تیسرے نئے پارلیمانی سال کا کیلنڈر پیش کیا تو وزیراعظم نے اس کی منظوری دے دی۔
بابر اعوان نے کہا کہ نئے پارلیمانی سال میں ہر مہینے اجلاس ہوگا، پارلیمنٹ 133 دن کام کرے گی، ملکی و قومی مفاد کی قانون سازی کا عمل بلاتعطل جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے پارلیمانی امور کی بہترین انجام دہی پر بابر اعوان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت احتساب اور ریفارم کے پروگرام پر سختی سے عمل درآمد کرے گی، 5 سال میں ادارہ جاتی تبدیلی کا ایجنڈا پورا کردیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں کیے گئے کٹھن فیصلوں کے ثمرات ملنا شروع ہوچکے ہیں، حکومت کا نیا پارلیمانی سال ملکی ترقی اور خوش حالی کا سال ہوگا، معاشی استحکام حاصل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومتی اقدامات کے نتیجے میں مشکل وقت جلد ختم ہوتے دیکھ رہا ہوں۔