کراچی، ایک روز میں سوا دو لاکھ شہریوں نے ویکسی نیشن کروائی: مرتضیٰ وہاب
کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں لاک ڈاؤن گیم چینجر ثابت ہوا ہے، ایک روز میں سوا دو لاکھ شہریوں نے کورونا ویکسین کروائی ہے، ہمارا ٹارگٹ ڈھائی لاکھ ویکسی نیشن یومیہ ہے، لاک ڈاؤن اور شہریوں کی احتیاط کے باعث کورونا کی شرح میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے، شہری سیاسی منافقوں کی باتوں پر کان نہ دھریں، پی ٹی آئی کے لوگ عوام کو گمراہ کررہے ہیں، ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح پر قابو پانے میں سندھ حکومت کی مدد کریں۔ یہ وائرس پورے ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب گزشتہ روز فریئر ہال کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لیڈران اور میڈیا کے دوست معاشرے میں اہمیت رکھتے ہیں، ہمیں لوگ دیکھتے اور سنتے ہیں، ہم ماسک پہنیں گے تو عوام بھی ماسک استعمال کریں گے، ہمیں اپنی اور اپنے اہل خانہ کو کورونا سے محفوظ کرنا ہے، ہم سب نے ذمے داری کا احساس کرنا ہے، پھر بھارتی ویرینٹ یا بھارتی سازش کو قابو کرنے میں آسانی ہوگی۔
پچھلے چند روز میں میڈیا کے تعاون سے جو عوام کی ذہن سازی کی گئی، اس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے، کل ایک روز میں سندھ میں دو لاکھ 22 ہزار افراد نے ویکسی نیشن کروائی، پچھلے دنوں یہ تعداد بمشکل 50 ہزار یومیہ تھی، جو بڑھ کر دو لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 11 ویکسی نیشن مراکز کو چوبیس گھنٹے فعال کردیا گیا ہے، دارالعلوم کورنگی کراچی کی انتظامیہ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ویکسی نیشن کیمپ قائم کیا، وہاں علماء اور طلباء ویکسی نیشن کروارہے ہیں، آج ان شاء اللہ ہم اپنا سوا دو لاکھ کا ٹارگٹ پورا کریں گے، عوام سے بھرپور تعاون کی درخواست ہے، مراکز پر رش ہے، عوام کو پریشانی ہے، ہمیں اس کا ادراک ہے، رش میں ہم ایس او پیز کو فالو کریں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم مزید ویکسی نیشن مراکز قائم کریں گے، فیصلہ کیا ہے کہ مزید موبائل یونٹس کو فعال کیا جائے، سندھ کے دیگر اضلاع سے موبائل یونٹس کراچی منگوائے ہیں، سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کو بڑے لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا، سیاسی منافقین نے بلاوجہ اس پر تنقید کی، کیونکہ جب ان کی حکومت لاہور میں سخت فیصلے کرتی ہے تو وہ کوئی احتجاج نہیں کرتے، لیکن جب کراچی میں 27 فیصد مثبت کیسز کے باوجود لاک ڈاؤن لگتا ہے تو یہ لوگ سیاست کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگ عوام کو گمراہ کرتے ہیں، جب ہسپتالوں میں صورت حال قابو سے باہر ہوتی ہے تو یہ میڈیا پر آجاتے ہیں، ڈیلٹا ویرینٹ پورے ملک میں بڑھ رہا ہے، کل اسد عمر نے کہا کہ ہم سختی کرنے جارہے ہیں، اس مشکل وقت میں متحد ہوکر کام کرنا ہے، ڈیلٹا ویرینٹ کو پھیلنے سے مل کر روکنا ہے، ہمیں شہریوں کو قائل کرنا ہے، ہمیں سب مشاورت سے کرنا ہے، طبی ماہرین ہمیں گائیڈ کررہے ہیں، حکومتی گائیڈ لائن پر عمل کرنے سے ہی اس وبا کو پھیلنے سے روک سکیں گے۔ ماضی کی طرح پھر ہم کاروبار کھولنے کی طرف جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے قوانین سب کے لیے برابر ہیں، پی ٹی آئی ایم این اے کے گھر پر شادی کی تقریب کا نوٹس لیا ہے، شادی کی تقریب کو رکوایا گیا تھا، کیٹرنگ والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں گے، سیاسی لیڈر ذمے داری کا مظاہرہ کریں، معیشت و انسانی زندگی میں فرق ہے، زندگی رہے گی تو ہم سیاحت کو فروغ دے سکتے ہیں، بہت لوگ کراچی سے گلگت ناردرن ایریاز گئے اور مثبت ہوکر کراچی واپس آئے، ہم نے دو ماہ قبل کہا تھا کہ فلائٹس پر سفر ویکسی نیشن سے مشروط کردیں، پی ٹی آئی ہماری بات مانتی ہے مگر تاخیر سے، بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے ہم نے کورونا ٹیسٹ لازمی کرنے کا کہا، وفاقی حکومت نے ایئرپورٹس کووڈ ٹیسٹ کو تاخیر سے لازمی قرار دیا، آج ہم ماسک پہنیں گے تو کل آکسیجن ماسک نہیں پہننا پڑے گا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں ہاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہے، کیا پاکستان میں مہنگائی نہیں، پتا نہیں کون سی دنیا میں یہ رہتے ہیں، یہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی بات کرتے ہیں، کیا ناردرن علاقوں میں لوگوں نے ماسک پہنا ہوا تھا؟ ایس او پیز پر ملک میں عمل درآمد نہیں کیا جارہا، ہمیں زمینی حقائق کو سمجھنا ہوگا۔