ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان بدستور جاری ہے، ماہ اگست میں صارفین  کے لیے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں جولائی کی نسبت   اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہر گزرتے ماہ اضافے کا رجحان جاری ہے۔ اگست میں جولائی کی نسبت مہنگائی میں 0 اعشاریہ 58 فیصد اضافہ ہوا۔ جب کہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں مہنگائی کی شرح 8 اعشاریہ 38 فیصد تھی۔

اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ ماہ شہری علاقوں میں اشیائے خوراک کے لیے افراط زر کی شرح 10 اعشاریہ 20 فیصد رہی۔  شہری علاقوں میں اگست کے مہینے میں ٹماٹرکی قیمت میں 17.84 فیصد، سبزیاں 12.52 فیصد، کیلا 5.09 فیصد، دودھ 1.94 فیصد، آلو1.84 فیصد، بناسپتی گھی 1.75 فیصد، چینی 1.36 فیصد اورکوکنگ آئل کی قیمت میں 1.11 فیصد کااضافہ ہوا۔

اس کے برعکس مرغی کی قیمت میں 11.98 فیصد، پھل 7.75 فیصد، دال چنا 5.18 فیصد، مصالحہ جات 2.75 فیصد، دال مونگ 2.35 فیصد اورانڈوں کی قیمت میں 1.64 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

دیہی علاقوں میں سبزیوں کی قیمت میں 17.35 فیصد، ٹماٹر7.40 فیصد، پیاز 6.02 فیصد، کوکنگ آئل 4.99 فیصد، بناسپتی گھی 4.94 فیصد، چینی 2.68 فیصد، سرسوں کاتیل 2.63 فیصد، آلو 1.91 فیصد، گوشت 1.57 فیصد اوردودھ کی قیمت میں 1.05 فیصدکااضافہ ہوا۔جب کہ مرغی کی قیمت میں 14.90 فیصد، پھل 11.14 فیصد، دال مونگ 6.85 فیصد، مصالحہ جات 5.61 فیصد، دال چنا 2.45 فیصد اوردال ماش کی قیمت میں 1.30 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔