ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد انور انتقال کر گئے

لندن/ کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما محمد انور طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم لندن کے سینئر رہنما محمد انور لندن میں انتقال کرگئے، وہ لندن میں کافی عرصے سے علیل تھے۔ محمد انور کا شمار ایم کیو ایم کے بانیان میں ہوتا تھا۔
محمد انور کو 2015 میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں رکنیت سے سبکدوش کردیا گیا تھا اور کہا تھا کہ محمد انور کچھ عرصے سے ناصرف علیل بلکہ بیماری کے باعث ان کی یادداشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور وہ اب تنظیمی کاموں میں ذمے داری کا مظاہرہ نہیں کررہے، جس کے باعث انہیں رکنیت سے سبکدوش کرکے آرام کا موقع دیا جارہا ہے۔
محمد انور پر ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق کے قتل کی سازش کا بھی الزام تھا اور ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے، تاہم انہوں نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران فاروق قتل کیس سے بانی ایم کیوایم یا میرا کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔
کراچی میں دہشت گردی کے لیے مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے مدد لینے کے الزام میں ایم کیو ایم کے رہنما محمد انور کے خلاف اکتوبر 2015 میں گلبہار تھانے میں شہری عمران بیگ کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا، جس میں غداری کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما محمد انور کو 2015 میں لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ کے شبہے میں حراست میں بھی لیا تھا جب کہ انہوں نے 2020 میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی جماعت کا بھارت سے رقم لینے کا معاملہ حقیقت ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت سے پیسے لے کر ہمیشہ پارٹی قیادت کو دیے، تاہم بھارت سے لی گئی رقم کا ایک روپیہ بھی زندگی بھر اپنی ذات پر خرچ نہیں کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔