موٹر وے زیادتی کیس کے ملزم کے والد کا بڑا انکشاف
موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کے حوالے سے بڑے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ انکشافات ملزم کے والد نے کیے ہیں۔ عابد کے والد اکبر ملہی کا کہنا ہے کہ جب انھوں نے ملزم کو پولیس کے حوالے کیا، تو اس نے شکوہ کیا کہ ہم نے اسے دھوکا دیا ہے۔
اکبر ملہی نے بتایا کہ عابد گھر آیا، تو کہنے لگا کہ امی روٹی کھانی ہے، چار دن سے بھوکا ہوں۔ اس موقع پر میں نے کہا کہ تمھاری وجہ سے بہو بیٹیوں سمیت 30 لوگ پولیس حراست میں ہیں، انھیں چھڑانے کے لیے تمھیں پولیس کے حوالے کرنا ہوگا۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ اب ان کے گرفتار اہل خانہ کو فوری رہا کیا جائے۔ ملزم کے والد نے اس بات کی بھی تردید کی ہے کہ ان کے بیٹے کو پولیس نے سائنٹیفک تفتیش کے بعد گرفتار کیا، ان کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا خود گاڑی میں بیٹھ کر پولیس اسٹیشن گیا۔