محمد عامر کا بھی بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان
لاہور: فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی آل راؤنڈر عماد وسیم کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا۔
گزشتہ روز آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔
دونوں کھلاڑیوں نے آخری مرتبہ ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
32 سالہ عامر نے جون 2009 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد پاکستان کیلئے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیلے۔ عامر نے تینوں فارمیٹس میں 271 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں اور 1,179 رنز بنائے۔
عامر اور عماد گزشتہ برسوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کلیدی رکن رہے ہیں اور انہوں نے اپنے اپنے کیریئر کے آغاز میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی بھی نمائندگی کی۔ عامر 2009 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ تھے جبکہ دونوں 2017 کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ بھی تھے۔
محمد عامر کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلئے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے، میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ اگلی نسل کیلئے ذمے داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا صحیح وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے کئی برسوں میں ہمیشہ انتہائی ضروری سپورٹ فراہم کی اور میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھنے کا منتظر ہوں۔ میں پاکستانی شائقین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں ہمیشہ میری حمایت کی۔