بھارت فاشزم کے راستے پر، مودی نے رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا
ایودھیا: فاشزم کی راہ پر گامزن بھارت نے ایک اور مرحلہ طے کر لیا، رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کی شمالی ریاست اترپردیش کے شہر ایودھیا میں متنازع رام مندر کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے، دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے اس فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے۔
اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی نریندر مودی کے ہم راہ تھے۔ اس موقع پر رام مندر کی تعمیر کے مقام پر بھومی پوج کی گئی۔
خیال رہے کہ رام مندر اور بابری مسجد کا تنازع ایک صدی سے زیادہ پرانا ہے، یہ مقام فریقین کے مابین تنازع کا باعث رہا اور اسے بنیاد بنا کر مسلمانوں کو دیوار سے لگایا گیا۔
گذشتہ سال بھارتی سپریم کورٹ نے اس ملکیت پر ہندووں کو حق مان کر ایک متنازع فیصلہ جاری کیا، ساتھ ہی مسلمانوں کو شہر میں ایک اور مقام پر مسجد تعمیر کرنے کے لیے زمین دی ہے۔ البتہ اس فیصلے کو مسلمانوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔