"شہر منی بنکاک بن چکے”: مشی خان کا بے حیائی کیخلاف سخت ردعمل

کراچی: پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن مشی خان نے ایک بار پھر معاشرے میں بڑھتی ہوئی فحاشی، بے حیائی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں پر کھل کر آواز بلند کی ہے۔ انسٹاگرام پر جاری اپنے تازہ ویڈیو بیان میں انہوں نے خاص طور پر راولپنڈی اور اسلام آباد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رات کے وقت ان شہروں کی سڑکوں پر جو مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں، وہ کسی "منی بنکاک” سے کم نہیں۔
مشی خان کے مطابق برقع پوش خواتین، ٹرانس جینڈرز اور دیگر افراد کھلے عام جنسی خدمات پیش کرتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے مساج پارلرز کا بھی ذکر کیا، جہاں لڑکیاں ماسک پہن کر مرد گاہکوں کو "خصوصی خدمات” فراہم کرتی ہیں اور افسوس کہ یہ سب کچھ بہت دلیری اور بے باکی سے ہورہا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ضلعی انتظامیہ اس بڑھتی ہوئی بے راہ روی کے خلاف کوئی مؤثر قدم کیوں نہیں اٹھاتے؟ ان کے مطابق یہ غیر اخلاقی سرگرمیاں نہ صرف سماجی اقدار کو تباہ کررہی ہیں بلکہ ایچ آئی وی اور دیگر موذی امراض کے پھیلاؤ کا بھی سبب بن رہی ہیں۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی اولاد پر نظر رکھیں اور انہیں نشے، غیر اخلاقی پارٹی کلچر اور گمراہ کن دوستوں سے بچائیں۔ ان کے بقول یہ مسئلہ اب صرف گلیوں یا پارلرز تک محدود نہیں رہا بلکہ گھروں کے اندر تک پہنچ چکا ہے۔
مشی خان نے عوام، میڈیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حساس اور خطرناک مسئلے پر خاموشی ترک کریں اور فوری اقدامات کیے جائیں، تاکہ معاشرے کو اس بگاڑ سے بچایا جاسکے۔