ملائیشیا میں فوجی ہیلی کاپٹرز میں تصادم، 10 اہلکار ہلاک
کوالالمپور: بحری فوج کی تربیتی مشقوں کے دوران دو ہیلی کاپٹرز فضا میں ہی آپس میں ٹکرا کرتباہ ہوگئے، جس کے نتیجے میں دونوں ہیلی کاپٹرز میں موجود تمام افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ جنگی مشقیں ریاست پیراک میں لوموت نیول بیس پر پیش آیا۔ دونوں ہیلی کاپٹرز لوموت اسٹیڈیم کے اوپر کم اونچائی پر پرواز کر رکھے تھے۔
ہیلی کاپٹرز تصادم کے بعد زمیں بوس ہوگئے اور ان میں آگ بھڑک اُٹھ گئی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں ہیلی کاپٹرز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ امدادی کاموں کے دوران ملبے سے 10 جلی ہوئی لاشیں برآمد ہوئیں۔
حادثے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں ہوسکا، تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نچلی پرواز کے دوران ایک ہیلی کاپٹر دوسرے ہیلی کاپٹر کے پچھلے روٹر بلیڈ سے ٹکرا گیا تھا۔
عینی شاہدین کے بقول اس ٹکراؤ کے بعد دونوں ہیلی کاپٹرز پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوکر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگئے۔
ملائیشیا کی بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔