ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی طبیعت ناساز
لاہور: قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں، انہیں ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دے دیا ہے۔
پی ڈی ایم کو فعال کرنے کے لیے ان دنوں میاں شہباز شریف دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ اہم کردار ادا کرتے نظر آرہے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال جون کے مہینے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔
شہباز شریف کو تین بار پنجاب کا وزیراعلیٰ رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اپنے دور وزارت اعلیٰ میں وہ خود کو خادم اعلیٰ کہلوانے میں فخر محسوس کرتے تھے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کا بغرض علاج لندن جانے کے موقع پر اُن کے ضمانتی شہباز شریف ہی بنے تھے۔