مہنگائی کی اصل وجہ ذخیرہ اندوزی، قابو پانے پر بہتری آئے گی، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی اصل وجہ ذخیرہ اندوزی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی کو قابو کرنے سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کی اصل وجہ ذخیرہ اندوزی ہے، انتظامیہ یقینی بنائے کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن ہو۔ ذخیرہ اندوزی پر قابو پالیا تو صورت حال میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کے لیے ٹائیگر فورس کو پہلا ٹاسک دیا گیا، جس کے تحت ابتدائی طور پر اسلام آباد کی 9 ہزار دکانوں پر ریٹ لسٹ اور اوور چارجنگ کی مانیٹرنگ ہوگی، ٹائیگر فورس کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ مل کر ضرورت سے زائد اسٹاک یا ذخیرہ اندوزی کی فوری نشان دہی کرے گی، جس پر ضلعی انتظامیہ فوری کارروائی کرے گی، کارروائیوں کی رپورٹ براہ راست وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔