صفدر اور مریم کیخلاف مزار قائد بے حرمتی کیس خارج!

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے مزار قائد میں نعرے بازی اور بے حرمتی سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر اور مریم نواز کے خلاف مقدمہ خارج کردیا۔
کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیر حسین میمن نے کیپٹن (ر) صفدر اعوان اور مریم نواز کے خلاف مزار قائد پر نعرے بازی اور بے حرمتی کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے مقدمہ جھوٹا ہونے سے متعلق پولیس کی بی کلاس کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے مقدمے کو خارج کرنے اور سی کلاس کرنے کا حکم دیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ مدعی مقدمہ کے مطابق تفتیشی افسر حقائق کو سامنے لانے میں ناکام رہا جب کہ تفتیشی افسر کے مطابق مدعی مقدمہ کو بیان کے لیے 3 بار نوٹس جاری کیے لیکن مدعی بیان کے لیے پیش نہیں ہوئے۔
مزار قائد سیکیورٹی ہیڈ، قاری صاحب اور گواہان نے بھی کہا کہ انہوں نے مدعی مقدمہ کو مزار پر نہیں دیکھا اور مدعی کے گواہان بھی واقعے کے وقت مزار قائد پر موجود نہیں تھے، مزار کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق کوئی معلومات ریکارڈ پر نہیں، تاہم پولیس کی جانب سے مقدمے کو جھوٹا قرار دینا نامناسب ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔