9 مئی کیس: مراد سعید، حماد اظہر سمیت 51 ملزمان کی جائیداد ضبطی کا حکم
گوجرانوالا: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو گوجرانوالا کینٹ پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنمائوں مراد سعید، حماد اظہر اور عمر ایوب سمیت 51 ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمے میں ملوث 51 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی جاری رکھتے ہوئے ملزمان کے گھروں اور شہر کے اہم مقامات پر اشتہار آویزاں کرنے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عدم پیشی پر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں، مقدمے میں دہشت گردی کے ساتھ 302 کی دفعہ بھی لگائی گئی ہے۔
عدالت نے جن 51 ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے اور انہیں اشتہاری قرار دینے کا حکم دیا ہے، ان میں مراد سعید، حماد اظہر، فرخ حبیب، عمر ایوب، علی امین گنڈاپور اور زرتاج گل بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ زبیر نیازی، اکرم ساہی، شوکت بھٹی، احمد چٹھہ، بلال اعجاز اور ظفر اللہ چیمہ کے نام بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
دھیان رہے کہ 9 مئی کے مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی، پرویز الٰہی، یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری بھی ملزم نامزد ہیں، تاہم پانچوں شخصیات زیر حراست ہیں۔