میکسویل کی ڈبل سنچری، افغانستان کی یقینی فتح کو شکست میں بدل دیا
ممبئی: آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز گلین میکسویل نے افغان کے ہاتھ آئی یقینی فتح کو شکست میں بدل ڈالا، اُن کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ کے 39 ویں میچ میں آسٹریلیا نے 292 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ آسٹریلوی بیٹنگ لائن افغانستان کے خلاف اننگز کے شروع سے مشکلات کا شکار رہی اور 91 رنز پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ بالترتیب 18 اور صفر رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مچل مارش 24 اور مارنس لبوشین 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جوش انگلس 0، مارکس اسٹوئنس 6 اور مچل اسٹارک 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد اننگز کی کمان گلین میکسویل اور کپتان پیٹ کمنز نے سنبھالی اور آٹھویں وکٹ پر ریکارڈ 202 رنز کی شراکت قائم کی۔
گلین میکسویل نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 128 گیندوں پر ناقابلِ شکست 201 رنز کی باری کھیلی جب کہ کپتان پیٹ کمنز نے 68 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ہدف کے تعاقب میں میکسویل کا بھرپور ساتھ دیا۔
افغانستان کی جانب سے نوین الحق، عظمت اللہ عمر زئی اور راشد خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز اسکور کیے۔
افغانستان کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، صرف ابراہیم زردان نے ٹیم کو سہارا دیا، جس میں کچھ حصہ راشد خان نے بھی شامل کیا۔
افغان اوپنر رحمان اللہ گربار 21 جب کہ رحمت شاہ 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان حشمت اللہ شاہدی 26، عظمت عمرزئی 22، محمد نبی 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ابراہیم زردان نے سب سے زیادہ 126 رنز اسکور کیے اور ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے پہلے افغان کھلاڑی بن گئے۔ انہوں ںے 143 گیندوں پر 8 چوکے اور تین چھکے لگائے، راشد خان نے 35 رنز بنائے، دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح افغان ٹیم نے 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر آسٹریلیا کے خلاف 291 رنز اسکور کیے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 جب کہ مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔