مسجد الحرام: خودکشی کرنے والے شخص کو گارڈ نے بچالیا، دونوں زخمی
مکۃ المکرمۃ: مسجدالحرام میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی جان لینے کی کوشش کی، تاہم گارڈ کی بہادری کی وجہ سے اُس کی زندگی بچ گئی۔
گارڈ اور خودکشی کی کوشش کرنے والا شخص دونوں زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس موقع پر موجود سیکیورٹی گارڈ نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے اس شخص کو زمین پر گرنے سے بچانے کی کوشش کی۔
اس دوران شخص کے خود پر گرنے سے سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا۔ واقعے کے فوراً بعد دونوں افراد کو ضروری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق واقعے پر فوری ردِعمل دیا گیا اور صورت حال کو قابو پالیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ دونوں افراد اس وقت طبی نگرانی میں ہیں۔ سعودی حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے، واقعے کی وجوہ جاننے کے لیے متعلقہ ادارے معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ کے مطابق پیش آنے والے واقعہ کے دوران نماز اور دیگر عبادات معمول کے مطابق جاری رہیں اور زائرین کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
اس واقعے کے بعد مسجد الحرام میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے تاکہ زائرین اور نمازیوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔