مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی دوسری شادی طے
لاہور: پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے صاحبزادے اور نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی دوسری شادی طے پاگئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ جنید صفدر کی شادی مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ روحیل اصغر کی پوتی سے طے پائی ہے۔
ذرائع کے مطابق دلہن، شیخ روحیل اصغر کے صاحبزادے علی روحیل اصغر کی صاحبزادی ہیں۔ دونوں خاندانوں کے درمیان شادی کی تقریبات دسمبر کے آخری ہفتے یا جنوری میں منعقد ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان اور شیخ روحیل اصغر کے خاندان کی جانب سے باقاعدہ ایک ایونٹ بھی منعقد کیا جاچکا، جس میں قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔شادی کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد متوقع ہے۔
واضح رہے کہ یہ جنید صفدر کی دوسری شادی ہوگی۔ اُن کی پہلی شادی سیف الرحمان کی بیٹی عائشہ سیف سے 2021 میں ہوئی تھی، جو بعدازاں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔
خیال رہے کہ سیف الرحمٰن نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شامل رہے ہیں، ن لیگ دور میں وہ احتساب بیورو کے سربراہ بھی رہ چکے تھے۔