لیگی رہنما نے لا اینڈ آرڈر کو چیلنج کیا: نیب کا مریم نواز کے بیان پر نوٹس!

لاہور: نیب لاہور نے مریم نواز کی جانب سے من گھڑت بیان کا نوٹس لے لیا، نیب کی جانب سے کہا گیا کہ مریم نواز نے اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے لاء اینڈ آرڈر کو چیلنج کیا۔
نیب لاہور کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مریم نواز کے خلاف منی لانڈرنگ اور چوہدری شوگر ملز میں مبینہ ملوث ہونے کی تحقیقات جاری ہیں، مریم نواز نے مبینہ طور پر عوام میں اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے لاء اینڈ آرڈر کو چیلنج کیا۔
گذشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب نے ہائی کورٹ میں میری ضمانت کے خلاف درخواست دی، لاہور ہائی کورٹ میں نیب کی درخواست مضحکہ خیز ہے، ہائی کورٹ میں کہا گیا، میں بیانات دے رہی ہوں اس لیے ضمانت مسترد کی جائے، بیانات جانچنے کا اختیار نیب کو کیسے مل گیا؟ نیب کا کام کرپشن پکڑنا ہے جس میں بری طرح ناکام ہوا، 2 بار جیل کاٹ چکی ہوں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب نے ہائی کورٹ میں جھوٹ بولا کہ تحقیقات میں تعاون نہیں کررہی، نیب نے جب بھی بلایا میں گئی، مجھ پر حملہ اور پتھراؤ کیا گیا، نیب آفس کے باہر کھڑی رہی، انہوں نے دروازے نہیں کھولے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان زندہ باد ہے، زندہ باد رہے گا، جاوید لطیف محب وطن پاکستانی ہیں، ان کی حب الوطنی پر کسی قسم کا کوئی شک نہیں، اس طرح انتقامی کارروائیاں کی گئیں تو ن لیگ خاموش نہیں رہے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔