بلاول نوجوان، انہیں ہی وزیراعظم بننا ہے: منظور وسان کی نئی پیش گوئیاں
کراچی: مشیر زراعت سندھ منظور حسین وسان نے نئی پیش گوئیاں کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال کے اگست تک حالات تبدیل ہوں گے، بڑی تبدیلی دیکھ رہا ہوں، جی ڈی اے کا نام ختم ہوجائے گا، فنکشنل لیگ بحال ہونے کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے بہت سے لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں جائیں گے، مشرف والا کھیل کھیلا جائے گا، وقت سے پہلے عمران خان مجبور ہوکر خود الیکشن کا اعلان کریں گے، شیخ رشید جیسے وزراء دوسری پارٹی میں جائیں گے، ان کو اپوزیشن میں نہیں اقتدار میں رہنا ہے پارٹی تبدیل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے ہی لوگوں کے خلاف کیسز بنائے گا، جو بولے گا وہ پھنسے گا، آگے چل کر عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ میں اختلاف ہوں گے،
نواز شریف کے اوپر کیسز ہیں، ن لیگ میں دو نظریے سامنے آنے سے ن لیگ کو نقصان ہورہا ہے۔
منظور وسان کا پیش گوئی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہنا تھا کہ مولانا نے جو تحریک چلائی یہ سال ان کے لیے مشکل رہے گا پکڑ دھکڑ ہوگی، اب فیوچر بلاول بھٹو زرداری کا ہے، بلاول نوجوان ہے اس نے ہی وزیراعظم بننا ہے، باقی عمران خان اور نواز شریف 70 سال کراس کرچکے ہیں، پی ٹی آئی جس تیزی سے اقتدار میں آئی، اسی تیزی سے 2013 کی پوزیشن پر واپس آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ میں دھڑا بندی ہوتے دیکھ رہا ہوں، ہوسکتا ہے کہ عمران خان ارلی الیکشن کا اعلان کرے۔