حمیرا اصغر کی موت کی ممکنہ تاریخ سے متعلق بڑا انکشاف

کراچی: گزشتہ دنوں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کے حوالے سے انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ اب اُن کی موت کی ممکنح تاریخ سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ لاش خراب ہونے کی بو 5 سے 40 دن تک ہوتی ہے اور اس مدت کے دوران حمیرا کے ہمسائے بھی اپنے فلیٹ میں نہیں تھے۔
اسد رضا نے کہا کہ حمیرا اصغر کے پڑوس والا فلیٹ بھی کافی عرصے سےخالی تھا اور جہاں اداکارہ کی لاش تھی، وہاں ساتھ والے کمرے میں واش روم کی کھڑکی کھلی تھی، ہوسکتا ہے کہ کھڑکی کے ذریعے لاش کی بُو باہر نکلتی رہی ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلیٹ کی مینجمنٹ کمیٹی، چوکیدار اور ہمسائے کو بھی شامل تفتیش کریں گے، حمیرا اصغر کراچی سے لاہور سفر کرتی رہتی تھیں، ہوسکتا ہے کہ لوگوں نے سمجھا ہو وہ لاہور گئی ہوئی ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں 7 اکتوبر 2024 کو یہ واقعہ پیش آیا جس کے 3 دن بعد ایک بار چوکیدار نے حمیرا کو فون بھی کیا، جس کا جواب نہیں آیا،7 اکتوبر کے بعد حمیرا اصغر کے ایک دوست نے بھی ایک بار فون کیا۔
دھیان رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کے عدالت پہنچنے پر عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا اور فلیٹ کا دروازہ نہ کھولنے پر دروازہ توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔
پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاش ڈی کمپوز کے آخری اسٹیج پر ہے جسے دیکھ کر اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کی موت تقریباً 8 ماہ پہلے ہوئی تھی۔