آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم میں بڑی تبدیلیاں متوقع
میلبورن: آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق منگل سے میلبورن میں شروع والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کی اطلاعات ہیں، سرفراز احمد کو ڈراپ کر کے محمد رضوان کو کھلائے جانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیم میں دوسری تبدیلی ان فٹ خرم شہزاد کی شکل میں ہوگی، خرم شہزاد کی جگہ حسن علی اور میر حمزہ میں مقابلہ ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ میلبورن ٹیسٹ میں فاسٹ بولر وسیم جونیئر کی شرکت کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق اننگز کا آغاز بدستور امام الحق اور عبداللہ شفیق ہی کریں گے جب کہ فہیم اشرف کو ڈراپ کرکے آف بریک بولر ساجد خان کو کھلائے جانے کا قوی امکان ہے۔
یاد رہے کہ پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے شکست دی تھی، تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔