میجر محمد اکرم کا 49 واں یوم شہادت!
جہلم: 1971 کی جنگ میں جرأت اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والے میجر محمد اکرم کا 49 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔
میجر محمد اکرم 4 اپریل 1938 کو ضلع گجرات میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1963 میں پاک آرمی میں کمیشن حاصل کیا، 1971 کی جنگ میں مشرقی پاکستان کےعلاقے ہلی کے محاذ پر دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے 5 دسمبر کو جام شہادت نوش کیا۔
میجر محمد اکرم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جہلم میں یادگار اور لائبریری بنائی گئی جہاں ان کے یوم شہادت پر خاندان کے لوگ اکٹھے ہوتے ہیں اور میجرمحمد اکرم شہید کو لازوال قربانی پرنشان حیدر سے بھی نوازا گیا، انہیں ’’ہیرو آف ہلی‘‘ کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر میجر اکرم شہید (نشان حیدر) کی عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر اکرم شہید نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دشمن کے کئی حملے پسپا کیے اور ہلی کی جنگ میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا، یہ مثالی جرأت مادر وطن کے محافظوں کا طرہ امتیاز ہے۔