مہوش حیات لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی میزبانی کرنے لیے بےحد پُرجوش
کراچی:پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغۂ امتیاز مہوش حیات نے کہا ہے کہ وہ لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی میزبانی کرنے اور دو سال کے طویل عرصے کے بعد اسٹیج پر جلوہ گر ہونے کے لیے بےحد پُرجوش ہیں۔
ایک انٹرویو میں مہوش حیات نے کہا کہ ’لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں صرف دو دن باقی ہیں اور میں بہت پُرجوش ہوں۔‘
مہوش حیات نے کہا کہ ’میری آخری پرفارمنس 2018 میں تھی لیکن اب کورونا وائرس کے بعد اور دو سال کے وقفے کے بعد، آخر کار میں اسٹیج پر واپس آرہی ہوں جس کے لیے بہت خوش ہوں۔‘
ریہرسلز کے بارے میں بات کرتے ہوئے مہوش حیات نے بیک اسٹیج تفریح اور ساتھی فنکاروں کے ساتھ گُزارے گئے وقت کو بہترین قرار دیا۔
مہوش حیات نے کہا کہ ’یہ بہت اچھا ہے، ہم سب اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، فنکار اس طرح کے ایونٹس کو بہت یاد کرتے ہیں اور بیک اسٹیج ایک ایسی جگہ ہے جہاں مجھے بہت مزہ آتا ہے، مجھے واقعی رش، شور اور جوش و خروش پسند ہے۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’جب، میں اسٹیج پر ہوتی ہوں تو خود کو محفوظ محسوس کرتی ہوں اور ایسا لگتا ہے کہ جیسے میں، گھر میں ہوں۔‘
واضح رہے کہ مہوش حیات لکس اسٹائل ایوارڈز 2021ء میں میزبانی کے فرائض انجام دیتی ہوئی نظر آئیں گی۔
مہوش حیات نے ورچوئل لکس اسٹائل ایوارڈز 2020ء میں بھی میزبانی کے فرائض انجام دیئے تھےجو کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث معمول کے مطابق منعقد نہیں کیے جاسکے تھے۔