لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ہی نئے ڈی جی آئی ایس آئی ہوں گے
اسلام آباد: نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ہی ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزرا نے اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کی، جس میں موجودہ صورت حال پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم احمد انجم ہی ہوں گے، وہ آئندہ ہفتے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں گے، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹیفکیشن کل تک جاری کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 6 اکتوبر کو پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تبادلوں اور تقرریاں کی گئی تھیں، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیا تھا۔
کئی روز بعد بھی ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا تھا، جس کے بعد یہ تاثر پیدا ہورہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو ہی ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔