وفاقی کابینہ اجلاس، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری
اسلام آباد: مرکزی کابینہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کو وزارتوں اور ڈویژنز میں خالی اسامیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ پٹرول بحران کمیشن رپورٹ پر کابینہ کمیٹی کی سفارشات بھی اجلاس میں پیش کی گئیں۔
کابینہ نے 38 ادویہ کی قیمتوں کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں وزارت پاور ڈویژن کی سمری پر حیسکو کے سی ای او کو ہٹانے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے کمیٹی برائے توانائی اور کمیٹی برائے لیجیسلیٹو کے فیصلوں کی توثیق کردی۔
وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دے دی۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن جلد شیڈول جاری کرے گا۔
کابینہ اجلاس میں مہنگائی کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مہنگائی کے تازہ ترین اعداد و شمار پر بریفنگ دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں سندھ حکومت کے اقدامات پر سخت تنقید کی گئی۔ اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کی نسبت سندھ میں آٹا، چینی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا، خیبر پختون خوا اور پنجاب میں مہنگائی کو کافی حد تک کنٹرول کیا جارہا ہے۔